پنجاب پولیس یکم نومبر سے غیرقانونی تارکینِ وطن کی واپسی بارے کام شروع کرے گی

10-27-2023

(لاہور نیوز) غیرقانونی تارکینِ وطن کی واپسی کا پلان تیار کر لیا گیا۔ 31 اکتوبر کو ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پنجاب پولیس یکم نومبر سے غیرقانونی تارکینِ وطن کی واپسی کے حوالے سے کام شروع کرے گی۔

غیر قانونی تارکینِ وطن کی واپسی کی ڈیڈ لائن قریب آ پہنچی۔ پنجاب پولیس نے نادرا سے مل کر غیر قانونی تارکینِ وطن کی فہرستیں مکمل کر لیں۔ اعدادوشمار کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ساڑھے تین لاکھ کے قریب تارکینِ وطن موجود ہیں۔ ان میں سے 80 ہزار تارکینِ وطن کے پاس پنجاب میں رہنے کے لئے کوئی بھی دستاویز نہیں۔ حکومت کے ڈیڈ لائن دینے کے بعد اب تک 50 ہزار کے قریب غیر قانونی تارکینِ وطن واپس اپنے ملک جا چکے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کے پی اور پنجاب سے 15 سو سے 2 ہزار غیر قانونی تارکینِ وطن واپس جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف ڈیڈ لائن ختم ہونے پر پنجاب پولیس آپریشن شروع کرے گی اور غیر قانونی تارکینِ وطن کو ہولڈنگ ہاؤس میں رکھا جائے گا۔ ہولڈنگ ہاؤس میں غیر قانونی تارکینِ وطن کو کھانا اور ادویات سمیت تمام سہولتیں دی جائیں گی۔ پنجاب حکومت ایسے تارکینِ وطن کو مرحلہ وار ان کے ملک میں واپس بھجوائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جو تارکین وطن 1979ء سے پہلے پاکستان میں موجود ہیں اور انکے پاس تمام قانونی دستاویز موجود ہیں ان کو واپس نہیں بھجوایا جائے گا۔