ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 9 روز میں 5ہزار سے زائدگاڑیاں بند

10-27-2023

(لاہور نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 9 روز کے دوران 5 ہزار 890 موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور رکشے تھانوں میں بند کر دیئے گئے۔

حکام کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی پر 8 ہزار سے زائد گاڑیوں  کو دو، دو ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ، ٹریفک قوانین  کی خلاف ورزی کو روکنے کے لئے 128 ون وے مقامات پر ٹریفک و ضلعی پولیس کی نفری تعینات ہے۔  سی ٹی او لاہور  مستنصر فیروز نے کہا ہے کہ ون وے کی دوبارہ خلاف ورزی پر ڈرائیور کےخلاف مقدمہ درج ہوگا،گاڑی کی سپرد داری کےلئے مالک کو عدالت سے رجوع کرنا ہوگا،سخت کریک ڈاؤن سے ون وے کی خلاف ورزیوں اور حادثات میں واضح کمی ہوگی۔ مستنصر فیروز نے کہا کہ ٹریفک قوانین  کی خلاف ورزی خودکشی کے مترادف ہے، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں، ون وے کی خلاف ورزی ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ  کا بھی باعث بنتی ہے۔ سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال ون وے کی خلاف ورزی پر 71 ہزار 430 وہیکلز کےخلاف کارروائی کی گئی،شہریوں کو اس حوالے سے آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔