بحران کا شکار پی آئی اے کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان
10-27-2023
(ویب ڈیسک) شدید بحران کا شکار پی آئی اے کو نئی لائف لائن مل گئی، نگران وزیراعظم اور وزیر نجکاری اس پر قابو پانے کے لیے متحرک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کیلئے 20 ارب روپے کا نیا قرض اور حکومتی قرض 6 ماہ کیلئے ری شیڈول کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پی آئی اے کو نیا قرض دینے کیلئے وزارت خزانہ نے کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں، پی آئی اے کو قرض دلانے کیلئے وزیراعظم آفس سے بھی سفارش کرائی گئی۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نیشنل بینک، بینک آف پنجاب سمیت 8 کمرشل بینک پی آئی اے کو نیا قرض دینگے، پی آئی اے نے حکومتی گارنٹی پر کمرشل بینکوں سے 260 ارب روپے کا قرض لے رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری ہونے تک حکومتی قرض 6 ماہ کیلئے ری شیڈول کیا جائے گا، اس سے قبل پی آئی اے کا حکومتی قرض 2 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کا پلان تھا، پی آئی اے کی جانب سے 2 ماہ کے دوران 40 ارب روپے کا قرض لینے کیلئے درخواست کی گئی۔