معاشی بحران: پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن محدود، مزید 58 پرواز یں منسوخ

10-27-2023

(لاہور نیوز) شدید معاشی بحران کا شکار قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کا فلائٹ آپریشن انتہائی محدود کر دیا گیا جس کے تحت آج بھی مقامی اور بین الاقوامی 58 پرواز یں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے اطہر اعوان نے بتایا کہ ادارے کا آپریشن انتہائی محدود کر دیا گیا ہے، صرف نفع بخش اور انتہائی ضروری سیکٹر کی انٹرنیشنل پروازوں کو ہر صورت بحال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون ملک پروازیں نہ ہونے کے برابر ہیں، مقامی چھوٹے سٹیشنز کی خسارے کی پروازیں زیادہ منسوخ کی جا رہی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق منسوخ کی جانے والی پروازوں میں کراچی آنے جانے کی 22 پروازیں بھی شامل ہیں جبکہ 11 دن میں پی آئی اے کی منسوخ پروازوں کی تعداد 538 ہو گئی ہے۔ آج کراچی اسلام آباد کی تمام 7 پروازیں پی کے 300، پی کے 301، پی کے 308 اور پی کے 309، پی کے 368، پی کے 369، پی کے 319 جبکہ کراچی سے لاہور کی 4 پروازیں پی کے 302، پی کے 303، پی کے 304، پی کے 305 منسوخ ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی سے بہاولپور کی پروازیں پی کے 588، پی کے 589 اور کراچی سے رحیم یار خان کی پی کے 582، پی کے 583 جبکہ کراچی سے کوئٹہ کی پی کے 310، پی کے 311، کراچی سے سکھر کی پی کے 536، پی کے 537 اور کراچی سے ملتان کی پی کے 330 بھی اڑان نہیں بھر سکیں گی۔ ادھر کراچی سے دبئی جانے والی پی کے 213، دمام سے کراچی کی پی کے 242 منسوخ ہو گئی ہیں۔ لاہور سے جدہ کی پی کے 759، بحرین کی پی کے 189، پی کے 190، دبئی کی پی کے 203، صلالہ کی پی کے 129 پی کے 130، دمام کی پی کے 247 اور پی کے 248 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ سیالکوٹ سے دبئی کی پی کے 179، مسقط کی پی کے 281، پی کے 282، سیالکوٹ کیلئے جدہ سے پی کے 746 اور کویت سٹی سے پی کے 240 منسوخ کی گئی ہیں۔