مسلم لیگ ن کا پوری طاقت سے انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ

10-27-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پوری طاقت کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی قائد نوازشریف نے پارٹی کو بھرپور تیاریوں اور 9 نکاتی ایجنڈے کے تحت انتخابی منشور تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے پارٹی کو ملک بھرمیں بھرپورطریقے سے اور تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ملک بھر میں جلسے، ورکرز کنونشن اور دیگر تقاریب منعقد ہوں گی جبکہ انتخابی سرگرمیوں کے شیڈول کی تیاری بھی شروع کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے پارٹی کا انتخابی منشور تیار کرنے کے لیے کمیٹی کو ٹاسک دے دیا۔ انتخابی منشور نواز شریف کے 9 نکاتی منشور کی روشنی میں تیار کیا جائے گا۔ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو چار سال بعد وطن واپسی پر مینار پاکستان پرجلسہ عام سے خطاب میں ملک کو بحرانوں اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے نجات دلانے کے لیے 9 نکاتی ایجنڈا دیا تھا۔ نو نکاتی ایجنڈے میں سرکاری اور انتظامی اخراجات میں کمی، خودمختار خارجہ پالیسی، آمدنی و محصولات میں اضافہ اور ٹیکس کے نظام میں بنیادی اصلاحات سمیت دیگر نکات شامل ہیں۔