کشمیر پر بھارتی قبضے کو 76 سال مکمل، دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

10-27-2023

(لاہور نیوز) بھارت کی جانب سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں جبر و استبداد، ظلم و بربریت اور ریاستی دہشتگردی کے 76 سال مکمل ہو گئے۔

بھارتی قبضے کے خلاف دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جبکہ حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دن 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیریوں کی امنگوں کے خلاف وادی پر غاضبانہ قبضہ کر کے نسل کشی کا ایسا سلسلہ شروع کیا جو آج بھی جاری ہے، بھارتی فوج کے ہاتھوں اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا، اس ظلم کے باوجود نہ تو کشمیریوں کے حوصلے پست ہوئے اور نہ ہی وہ اپنے حق سے پیچھے ہٹنے پر تیار ہیں۔ یہ بھی پڑھیں: بھارت طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو دبا نہیں سکتا: صدرمملکت لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، بھارتی فورسز نے 1947 میں آج ہی کے دن جموں و کشمیر پر حملہ کر کے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس پر قبضہ کیا، ریاستی دہشتگردی کے 76 سال مکمل ہونے کے باوجود بھارت آج بھی جارحانہ اور غاصبانہ طرز عمل پر کار بند ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کیا، صرف 90 کی دہائی سے اب تک 96246 کشمیری شہید کیے گئے ہیں، گزشتہ 33 سالوں کے دوران بھارت نے 168493 کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے جن میں دوران حراست 7306 شہید کیے گئے ہیں۔ اس کو بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر پر دنیا اپنی ذمہ داری سے آنکھیں نہیں چرا سکتی: نگران وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس منظور الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ 7 دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھارت نے کشمیریوں کا بنیادی حق سلب کر رکھا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کا علاقہ مکمل فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں بھارت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ لاہور میں مختلف تقریبات کا انعقاد: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر کی طرح صوبائی دارالخلافہ میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں، الحمرا میں تصویری نمائش اور تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے  تقریب میں خصوصی شرکت کی، تقریب میں عوام بڑی تعداد میں شریک ہوئے،تصویری نمائش میں کشمیریوں کے دکھ اور بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔ یہ بھی دیکھیں: یواین و عالمی برادری کشمیریوں، فلسطینیوں سے کیے وعدے پورے کرے:شہباز شریف دیگر ایئرپورٹس کی طرح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی کشمیریوں کے حق میں بینرز اور پرچم آویزاں کیے گئے ہیں، بینرز پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج ہیں، ایئرپورٹ کے مختلف حصوں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جارہے ہیں، ایئرپورٹ لاؤنج میں لگی سکرینوں پر  آزادی کے گیت اور  دستاویزی فلموں کی نمائش کی جارہی ہے۔