ملاقات کے تیسرے دن ہی ثمینہ نے شادی کیلئے پروپوز کردیا تھا: عثمان پیرزادہ

10-27-2023

(فہیم حیدر) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار عثمان پیرزادہ نے کہا ہے کہ ملاقات کے تیسرے دن ہی ثمینہ نے شادی کیلئے پروپوز کردیا تھا۔

عثمان پیرزادہ نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاق رات" میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شادی، کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ سینئر اداکار نے اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ثمینہ سے میری پہلی ملاقات راولپنڈی میں پی ٹی وی سٹیشن پر ہوئی تھی، اس ملاقات کے تیسرے دن ہی ثمینہ نے مجھے شادی کے لیے پروپوز کردیا تھا۔ عثمان پیرزادہ نے کہا کہ ثمینہ کی جانب سے شادی کی پیشکش ملنے پر حیران رہ گیا تھا، تاہم کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد ہم نے شادی کرلی تھی اور ہماری شادی کو 48 برس ہوچکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری اور ثمینہ کی یہی خواہش تھی کہ ہمارے ہاں دو ہی بچے ہوں اور ہماری دونوں بیٹیاں ہمارے لیے سب سے بڑی اچیومنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شادی کو 12 سال گزر چکے تھے لیکن ہم اولاد کی نعمت سے محروم تھے، پھر اللہ نے ہمیں بیٹی کی رحمت سے نوازا، خوش قسمتی سے کچھ عرصے بعد ہمارے ہاں دوسری اولاد بھی بیٹی ہی ہوئی۔ اداکار نے کہا کہ دو بیٹیوں کی پیدائش کے بعد لوگ کہنے لگے کہ ایک بیٹا بھی ہونا چاہیے جس پر میں ان لوگوں سے کہتا تھا کہ بیٹا ایسا کیا کرلے گا جو یہ بیٹیاں نہیں کرسکتیں؟ واضح رہے کہ عثمان پیرزادہ کو شوبز انڈسٹری میں نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے ڈراموں میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ان کی طرح ان کی اہلیہ اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی پی ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا اور دونوں نے متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ اداکاری بھی کی۔