وزیراعلیٰ محسن نقوی کی پی اینڈ ڈی آفس آمد،فارن فنڈڈ پراجیکٹس کا جائزہ

10-27-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ آفس کا دورہ کیا اور فارن فنڈڈ پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاریخ میں پہلی بار فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی مشترکہ جائزہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین، ا یشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی اور دیگر ڈونرز اداروں کے اعلیٰ حکام نےاجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی بینک اور ا یشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی، وفاقی سیکرٹری اکنامک افیئرز، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ  پنجاب میں عالمی بینک کے تعاون سے2456 ملین ڈالر کی لاگت سے 12 پراجیکٹس جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 849ملین ڈالر کی لاگت سے 8پراجیکٹس پر کام جاری  ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے ایگریکلچر اینڈ رورل ٹرانسفارمیشن پروگرام، گرین ڈویلپمنٹ پروگرام، سٹی پروگرام سمیت دیگر پراجیکٹ جاری ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب ٹورازم برائے اکنامک گروتھ بھی ورلڈ بینک کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا،  نیشنل ہیلتھ پروگرام کی تکمیل کے لئے ورلڈ بینک اور دیگر ادارے معاونت کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے فارن فنڈڈ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور فیملی پلاننگ میں اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے، عالمی بینک اور ا یشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور فیملی پلاننگ کے شعبوں میں تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط ٹیم ورک سے بہتر نتائج کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے تیز ترین رسپانس ناگزیر ہے، پوری ٹیم دن رات محنت کررہی ہے اور ہم عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگراداروں کے ساتھ اشتراک کار کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجے بن حسین کا کہنا تھا کہ  حکومت پنجاب کی طرف سے ادارہ جاتی اصلاحات قابل تحسین ہیں۔