سیریز 'صلاح الدین ایوبی' میں سلیکشن کے باوجود رابطہ کیوں نہیں کیا گیا؟ ژالے سرحدی
10-27-2023
(لاہور نیوز) معروف اداکارہ ژالے سرحدی نے کہا ہے کہ ویب سیریز ’فاتح القدس صلاح الدین ایوبی‘ میں سلیکشن کے باوجود رابطہ نہیں کیا گیا۔
حال ہی میں پاکستان اور ترکیہ کے فنکاروں کے اشتراک سے بننے والی ویب سیریز ’فاتح القدس صلاح الدین ایوبی‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا تھا جس کے بعد اب اداکارہ ژالے سرحدی نے سیریز کے سلیکشن سے متعلق سوالات اُٹھا دیے ہیں۔ ژالے سرحدی نے اپنے انسٹاگرام اکاوْنٹ پر سٹوری پوسٹ کی ہے۔ جس میں اُنہوں نے کہا کہ میں اب بھی سوچ رہی ہوں اس پراجیکٹ کے لیے آڈیشن کیوں رکھے گئے تھے اور پھر بہت غوروفکر کرنے کے بعد آڈیشن دینے والے فنکاروں کی سلیکشن کیوں کی گئی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلے آڈیشن لیے گئے، پھر سلیکشن کی گئی اور پھر گولڈن ٹکٹ دینے کا یقین دِلا کر اُن فنکاروں سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا؟ اداکارہ نے کہا کہ میں اپنے دوست کے کہنے پر یہ سوال پوچھ رہی ہوں۔ واضح رہے کہ یہ ویب سیریز اسلامی تاریخ کے مشہور حکمران اور فوجی کمانڈر سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی ہے جنہوں نے بیت المقدس کو فتح کیا تھا۔ سیریز میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار ترکیہ اداکار اوور گونیش ادا کررہے ہیں جبکہ پاکستان سے اس میں عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، کاشف انصاری، جنید علی شاہ اور دیگر شامل ہیں۔ یہ ویب سیریز رواں برس 13 نومبر سے ٹی آر ٹی ون پر ریلیز کی جائے گی جبکہ پاکستانی اور ترکیہ کے ناظرین اس کو دیکھنے کے لئے شدت سے منتظر ہیں۔