پاکستان ٹاپ فورکی ٹیم ہے، کمزور نہیں سمجھ سکتے: جنوبی افریقی کپتان

10-27-2023

(ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باوما کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے ابتدائی میچز میں ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان اب بھی ان کی ٹیم کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں پاکستان کو گزشتہ تین میچز میں بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان سے شکست ہوئی تھی، قومی ٹیم آج جنوبی افریقا کے خلاف اپنا چھٹا میچ کھیلے گی۔ میچ سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باوما نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج ہونے والے میچ کیلئے پلان ترتیب دیا ہے، اس کے علاوہ ہم نے پاکستانی ٹیم کی طاقت، کمزوریوں اور خطرات کو بھی جائزہ لیا ہے، ہم مخالف ٹیم کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے اور ہم جانتے ہیں کہ وہ کسی بھی دن غیر معمولی کارکردگی دکھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیل سکی، ہوسکتا ہے کل وہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلے اور اس کے لیے ہم تیار ہیں۔ جنوبی افریقا کے کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کو ہم کمزور نہیں سمجھ سکتے، وہ ٹاپ 4 کی ٹیم ہے، پاکستان ٹیم کی بری فارم کا ہمیں فائدہ ہوگا مگر ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا، وہ ایک دن اگر خراب کھیلتی ہے تو اگلے روز بہت خطرناک بھی ہوتی ہے ۔ ٹیمبا باوما نے مزید کہا کہ  سچ پوچھیں تو ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے خلاف ہمارا کوئی اچھا ریکارڈ نہیں ہے لیکن پاکستان کی ٹیم کو جن چیلنجز کا سامنا ہے انہیں دیکھتے ہوئے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔