نواز لاڈلے کیلئے سارے ریلیف، باقیوں کیلئے سختی ہے: پرویز الہٰی

10-26-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نواز شریف لاڈلے کے لیے سارے ریلیف اور باقیوں کے لیے سختی ہے۔

عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لیے ہی سارے ریلیف ہیں،پانچ ماہ سے ہم ضمانت پر ہیں پھر بھی ہمیں تنگ کیا جا رہا ہے، سپیشل انصاف کیا صرف شریفوں کے لیے ہے؟ ،انصاف تو وہ ہے جس کو عوام تسلیم کرے اور انصاف ہوتا نظر بھی آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ اداروں اور عدالتوں کا احترام کیا ہے، شریفوں نے ہمیشہ ججز کے خلاف سخت باتیں کی ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے،نواز شریف لاڈلے کے لیے سارے ریلیف اور باقیوں کے لیے سختی ہے۔