ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیدیا

10-26-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے قائد مسلم لیگ ن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نوازشریف اتنا بہادر ہے تو میرے خلاف الیکشن لڑ کر دکھائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اتنے بہادر ہو تو میرے خلاف الیکشن لڑ کر دکھاؤ ، لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب ہے کہ جس نے الیکشن لڑنا ہے وہ باہر ہو ، نواز شریف سزا یافتہ اور اشتہاری ہے اسکو آپ باہر سے الیکشن کے لیے لے آئے ہیں ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ نواز شریف کو پروٹوکول دیا جا رہا ہے، ہمارے کیسز کا چالان بھی تین چار ماہ سے آج تک نہیں آیا ، یہ بات پہلے سے کنفرم ہے کہ الیکن نہیں سلیکشن ہے، ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن نے پرائم منسٹر اور صدر کو خط لکھا ہے کہ آپ نے یاسمین راشد کو کیوں گرفتار کر رکھا ہے۔ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ چھ ماہ ہو گئے، جھوٹا کیس ہے ابھی تک جیل میں رکھا ہوا ہے ، جب میں گھر میں موجود تھا ان کیسز میں مجھے گرفتار کیا ہوا ہے ، ہم سے پریس کانفرنس کرانا چاہ رہے ہیں ، ہم نے پی ٹی آئی چھوڑنی ہوتی تو تب ہی چھوڑ دیتے ۔