کینو کی ریکارڈ پیداوار: وزارت تجارت نے ایکسپورٹ کی اجازت دیدی

10-26-2023

(ویب ڈیسک) رواں سال ملک میں کینو کی ریکارڈ پیداوار ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے پیش نظر وزارت تجارت نے برآمد کنندگان کو خوشخبری سنادی جس کا بڑا فائدہ ملکی معیشت کو بھی ہو گا۔

وزارت صنعت و تجارت نے رواں سال ملک بھر میں کینو کی بمپر پیداوار کے امکان کے پیش نظر ایکسپورٹرز کو کینو برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال کینو کی 27 لاکھ ٹن کی بمپر پیداوار کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کینو کی پیداوار محض 13 لاکھ ٹن تک محدود رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت تجارت نے15 نومبر سے ہی کینو برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ مذکورہ فیصلہ وزارت تجارت کی جانب سے قائم کمیٹی کی تجویز کی روشنی میں کیا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسپورٹرز کرسمس سیزن سے پہلے ہی کینو کی کنسائنمنٹ بھیجنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ وزارت تجارت ماضی میں یکم دسمبر کو کینو برآمد کرنے کی اجازت دیا کرتی تھی۔