پاکستان ٹیم کل آخری پاور پلے میں جنوبی افریقی بیٹرز کا لاٹھی چارج کیسے روکے گی؟

10-26-2023

(ویب ڈیسک) انڈیا میں جاری ورلڈکپ میں جنوبی افریقی بلے بازوں نے تباہی مچا رکھی ہے، خاص طور پرآخری پاور پلے میں پروٹیز کا سکورنگ ریٹ سب سے زیادہ ہے۔

میگا ایونٹ میں مشکلات سے گھری پاکستان ٹیم کل چنئی کے چدم برم سٹیڈم میں جنوبی افریقہ سے ٹکرائے گی جو اب تک مخالف ٹیموں کو ناکوں چنے چبوا چکی ہے۔ رواں ورلڈ کپ میں بھارت کے بعد جو ٹیمیں مستقل پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہیں ان میں ایک جنوبی افریقہ کی ٹیم ہے جس کے بلے بازوں نے تباہی مچا رکھی ہے اور آخری پاور پلے میں پروٹیز کا سکورنگ ریٹ سب سے زیادہ ہے۔ جنوبی افریقی بیٹرز نے سری لنکا کیخلاف آخری دس اوورز میں چوتھا گیئر لگایا اور 60 گیندوں پر 137 رنز جڑ دیے جبکہ انگلش بولرز کو 143 رنز کی مار پڑی اور اسی ریکارڈ کو مزید بہتر بناتے ہوئے گزشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف آخری 10 اوورز میں بیٹرز نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے 144 رنز بنا ڈالے۔ آسٹریلیا کے خلاف 89 رنز بنے تھے۔ کل جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان ٹیم مدمقابل ہوگی جس کا تیسرے پاور پلے میں سب سے بہترین سکور افغانستان کے خلاف 91 رنز تھا اور یہ بھی فتح نہ دلا سکا۔ قومی ٹیم کے ورلڈ کپ میں اب تک ناکام بولرز کو جنوبی افریقہ کے بیٹرز کو قابو کرنے کے لیے موثر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا ورنہ یہ شکست گرین شرٹس کا ورلڈ کپ میں سفر تمام بھی کر سکتی ہے۔