مسلم لیگ ن ہاؤس حملہ کیس: صنم جاوید سمیت دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

10-26-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو مسلم لیگ ن ہاؤس پر حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید سمیت دیگر تین ملزمان کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر سماعت کی۔

عدالت نے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے درخواست  ضمانت پر سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے صنم جاوید کو مختلف مقدمات میں گرفتار کرنے کی رپورٹ طلب کر لی۔ سماعت کے دوران صنم جاوید کے وکیل نصیرالدین نیئر نے کہا کہ قانون بنایا جائے کہ جو 9 مئی کے ایک مقدمہ میں گرفتار ہو اسے تمام مقدمات میں شامل کریں، صنم جاوید کو 9 مئی کے تمام مقدمات میں گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ وکیل نے استدعا کی کہ صنم جاوید کی ضمانت منظور کرکے رہا کیا جائے ۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے بتایا کہ مقدمہ کا ریکارڈ موجود نہیں ہے ، پولیس مراد سعید کو گرفتار کرنے گئی ہے ، پولیس کے تین سے چار ڈالے سوات کے پی کے گئے ہوئے ہیں ، اس مقدمہ کا ریکارڈ ساتھ لے کر گئے ہیں،ریکارڈ واپس آنے پر پیش کریں گے۔