ریما خان نے اپنے خوبصورت ہونے کا راز بتا دیا
10-26-2023
(لاہور نیوز) پاکستان کی معروف اداکارہ ریما خان نے اپنی خوبصورتی اور غیر متنازعہ ہونے کا راز بتا دیا ۔
ریما خان نے حال ہی میں دنیا نیوز کے کامیڈی شو “مذاق رات” میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ شو کے میزبان عمران اشرف نے ریما خان سے سوال کیا کہ “وہ اپنے شوبز کیریئر میں کبھی کسی سکینڈل یا تنازعات کا شکار کیوں نہیں ہوئیں؟” جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ صرف اپنے کام پر توجہ دی اور کبھی کسی فنکار سے حسد نہیں رکھا اور نہ ہی کبھی کسی سے لڑائی جھگڑا کیا۔ ریما خان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے دوسرے فنکاروں کے کام کی تعریف کی اور اپنے سے کمتر اداکاروں کو دیکھ کر کبھی خود پر غرور نہیں کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ میں نے ایک کامیاب اداکارہ بننے کے لیے دن رات محنت کی اور میری خوش قسمتی یہ ہے کہ میری پہلی فلم ہی ہٹ ہوگئی تھی، اس فلم کی کامیابی نے مجھے راتوں رات سٹار بنا دیا تھا۔ ریما خان نے مزید کہا کہ میں نے کبھی اپنی ناکامی کو دل و دماغ سے نہیں لگایا اور نہ ہی کامیابی حاصل کرنے کا جنون خود پر سوار کیا، میں نے محنت کی اور سٹار بن گئی۔ اُنہوں نے کہا کہ فلمی دُنیا کے بعد، اب حقیقی زندگی میں بھی کئی کردار نبھا چکی ہوں، پہلے بیٹی تھی، پھر بیوی بنی، پھرماں بنی اور حقیقی زندگی کی فلم تو جاری رہے گی۔ اداکارہ نے اپنی خوبصورتی کے حوالے سے کہا کہ میں خود سے بہت پیار کرتی ہوں، اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کا بھی بہت خیال رکھی ہوں، یہی میری خوبصورتی کا راز ہے۔ واضح رہے کہ ریما خان نے فلم ’بلندی‘ سے لالی ووڈ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا، اُنہوں نے 200 کے قریب فلموں میں کام کیا، اُنہوں نے زیادہ تر پنجابی فلموں میں اداکاری کی۔ فلموں کے بعد ریما خان نے ڈراموں میں بھی اداکاری کی، اس کے علاوہ اُنہوں نے ٹیلی وژن پر مختلف شوز کی میزبانی بھی کی۔