پاکستان کا اب بھی چانس ہے، اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا: بیٹنگ کوچ

10-26-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ اینڈریو پٹک نے کہا ہے کہ پچھلے دو دن مشکل تھے، شکست پر پلیئرز کافی دکھی ہیں، اب ہر کسی کی نظریں جمعہ کے میچ پر ہیں، ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا۔

چنئی میں انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ اینڈریو پٹک نے کہا کہ جنوبی افریقا بہترین فارم میں ہے، ہمیں اس کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا،ہمیں مستحکم پلان کے ساتھ آنا ہوگا، ہر بال پر مقابلہ ہوگا۔ اینڈریو پٹک کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں بھی کوالٹی بیٹرز موجود ہیں، ہر پلیئر کا بیٹنگ میں اپنا انداز ہے، مجھے بیٹرز کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں ہے۔ بیٹنگ کوچ نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف مثبت ارادوں کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، پاکستان ٹیم میں بڑا ٹوٹل سجانے کی صلاحیت موجود ہے، گیم پلان پر کلیئر ہونا اور اس پرعمل کرنا کافی اہم ہے۔ اینڈریو پٹک کا کہنا تھا کہ ہم بطور ٹیم جہاں ہونا چاہتے ہیں، وہاں نہیں ہیں،  خواہش ہے کہ پاکستان پاور پلے میں اور بہتر بیٹنگ کرے ، سعود شکیل کمال کا ٹیلنٹ رکھتے ہیں، وہ کافی اہم پوزیشن پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔ بیٹنگ کوچ نے کہا کہ پاکستان کا اب بھی چانس ہے، ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، امید ہے جمعہ کے میچ کے ساتھ ہمارے لیے چیزیں بہتر ہو جائیں۔