غزہ میں اسرائیل کے ظلم کی وجہ سے روزانہ سینکڑوں فلسطینی شہید ہو رہے ہیں، سراج الحق

10-25-2023

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے ظلم و بربریت کی وجہ سے روزانہ سینکڑوں فلسطینی شہید ہو رہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منصورہ میں غزہ مشائخ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس کا عنوان ’’غزہ ہمارا منتظر ہے ‘‘ تھا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے29 اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ 19 روز سے غزہ پر لوہے اور بارود کی بارش ہو رہی ہے، روزانہ سینکڑوں فلسطینی شہید ہو رہے ہیں لیکن74لاکھ افواج رکھنے والا عالم اسلام آج بھی خاموش ہے۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ فلسطینی آج امت کو پکار رہے ہیں، سارا مغرب اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے، مسلم امہ کو بھی عملی طور پر فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ کانفرنس میں غزہ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا اور اسرائیلی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی گئی۔