نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کا تحریری فیصلہ جاری

10-25-2023

(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم شکیل احمد نے نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے سزا معطلی کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست دی۔ نگران وزیر اعلٰی نے درخواست کا جائزہ لینے کیلئے نگران صوبائی وزراء ، بیوروکریٹس ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب پر مشتمل کمیٹی بنائی۔ کمیٹی نے نواز شریف کے وکلاء کو شنوائی کا موقع دیا جبکہ کمیٹی نے نواز شریف کے معالج کو بھی تفصیلی طور پر سنا۔ تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کی طبیعت ابھی مکمل ٹھیک نہیں ، وہ جیل نہیں کاٹ سکتے۔ کمیٹی نے معاملے پر فریقین کو سننے کے بعد سفارشات بھیجیں اور ماضی کی مثالوں اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں نواز شریف کی سزا معطل کرنے کی سفارش کی۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرکے حکم جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ نگران وزیر اعلیٰ و دیگر کی منظوری کے بعد نواز شریف کی سزا معطل کی جاتی ہے۔