گورنر پنجاب نے تین روزہ ’’پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو‘‘ کا افتتاح کر دیا

10-25-2023

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے تین روزہ ’’پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو‘‘ کا افتتاح کر دیا۔

ایکسپو سینٹر میں ’’پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو ‘‘کی افتتاحی تقریب کے بعد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کاروبار چلے گا تو معیشت بہتر ہو گی، صاف پانی کی فراہمی سے بیماریوں کا بوجھ کم کیا جا سکتا ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا 2018 کے بعد بھاری قرضے لیے گئے جس سے معیشت نے بہت مشکل حالات دیکھے، 2018 سے پہلے جب سب ایک پیج پر نہیں تھے، دھرنے بھی تھے تو ملک بہتر چل رہا تھا۔ ایک سوال کے جواب پر گورنر پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی سزا معطلی کا فیصلہ کابینہ نے اپنے اختیار و قانون کے مطابق کیا، آئین و قانون کے مطابق چیزیں ہوں تو ملک بہتر ہو گا، جیسے چارٹر آف ڈیموکریسی ہوا ایسے ہی چارٹر آف اکانومی بھی ہونا چاہیے، نواز شریف نے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی جو خوش آئند ہے۔ نمائش کے منتظم کامران عباسی نے بریفنگ  دیتے ہوئے بتایا کہ نمائش میں ملکی و غیر ملکی 60 کمپنیاں شرکت کر رہی  ہیں، نمائش اور کانفرنس 27 اکتوبر تک جاری رہے گی۔