پاکستان میں دو دہائیوں کی سیاست نے قومی وقار کو مجروح کیا، فردوس عاشق اعوان

10-25-2023

(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں دو دہائیوں کی سیاست نے قومی وقار کو مجروح کیا۔

استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے دیگر کے ہمراہ سابق گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چودھری سرور سے ان کے بھائی کےانتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق دور میں ملک کی سیاست کے رکھ رکھاؤ اور رواداری کو پامال کیا گیا، معاشرے کو انتشار کا شکار کیا گیا اور خاندانوں کے اندر تفریق پیدا کی گئی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ایک شخص کی امیج بلڈنگ اور اس کے بیانیے کو آگے بڑھانے کیلئے کے پی حکومت کے فنڈز خرچ کیے گئے، ان پیسوں کا استعمال ریاست اور عوام کے درمیان دراڑیں ڈالنے کے لئے کیا گیا۔ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے ذہنوں کو بارود سے بھر کر ریاستی اداروں کے خلاف استعمال کیا گیا۔