اسرائیل کے فلسطین پر جاری مظالم،فیصل قریشی کا بڑا اعلان

10-25-2023

(ویب ڈیسک)معروف اداکار فیصل قریشی نے اسرائیلی مظالم کے شکار فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے رواں سال اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کردیا۔

 فیصل قریشی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر اپنے مداحوں، دوستوں اور خاندان والوں کے لیے سٹوری پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اہم اعلان کیا۔فیصل قریشی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال اور ہمارے اردگرد کی دُنیا کو دیکھتے ہوئے، میں نے رواں سال اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اداکار نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا ہر ایک لمحہ فلسطین کے لیے دُعا میں گُزاریں، غزہ میں جنگ بندی کے لیے دُعا کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اللہ ہم سب کو ایک پُرامن دنیا عطا فرمائے اور آپ سب مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ فیصل قریشی 26 اکتوبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں، وہ 26 اکتوبر 1973 میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 24 گھنٹے جاری بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 700 سے زائد ہوگئی جس کے باعث غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5800  زیادہ ہوچکی ہے جبکہ 16 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔