اورنج ٹرین کے تین سال مکمل ہونے پر قرض کی رقم بھی ڈبل سے زیادہ بڑھ گئی
10-25-2023
(لاہور نیوز) اورنج ٹرین کے تین سال مکمل ہونے پر قرض کی رقم بھی ڈبل سے زیادہ بڑھ گئی۔ قرض کی رقم 467 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔
ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے پنجاب حکومت پر بھی قرض کا بوجھ بڑھنے لگا۔ میٹرو اورنج لائن ٹرین کی تعمیر کے لیے لیا جانے والا قرض پنجاب حکومت کے خزانے پر بھاری پڑ گیا۔ ڈالر کی قدر بڑھنے سے تین سال میں اورنج ٹرین کے قرض کی رقم ڈبل سے زیادہ ہو گئی۔ رواں مالی سال میں چین کو قرض کی واپسی کا عمل حکومت کے لیے مشکل ہو گیا۔ زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کی وجہ سے بھی قرض واپسی معمہ بن گئی۔ پنجاب حکومت نے 2014 میں ایگزم بینک چائنہ سے 1 ارب 67 کروڑ ڈالر قرض لیا۔ 2014 میں قرض لینے کے وقت ڈالر کی قیمت 101 روپے تھی۔ 2023 میں ایگزم بینک چائنہ کو قرض واپسی کا عمل شروع کیا جانا ہے۔ ڈالر کی قدر ڈبل سے زیادہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی روپوں میں اورنج ٹرین کا قرض بھی ڈبل سے بڑھ گیا۔ اورنج ٹرین کا قرض پاکستانی روپوں میں 467 ارب 60 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا۔ معاہدہ کے مطابق پنجاب حکومت نے رواں مالی سال میں 3 کھرب 93 ارب روپے کے قرض کی واپسی شروع کرنی ہے۔