لیسکو انتظامیہ بجلی چوروں کی سزا عام صارفین کو بھی دینے لگی

10-25-2023

(لاہور نیوز) لیسکو انتظامیہ بجلی چوروں کی سزا عام صارفین کو بھی دینے لگی۔ ہائی لاسز فیڈرز پر 12 گھنٹے تک بجلی بند رہے گی۔

لیسکو انتظامیہ کی عجب منطق سامنے آئی۔ ہائی لاسز فیڈرز پر لاسز کم نہ ہوئے تو 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا۔ بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین بھی اذیت میں مبتلا ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق لیسکو انتظامیہ 97 فیڈرز پر بجلی چوری روکنے میں ناکام ہے۔  30 فیصد سے زائد لاسز والے فیڈرز پر 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہونے لگی۔ ہائی لاسز فیڈرز پر شام 6 سے صبح چھ بجے تک بجلی بند رکھی جا رہی ہے۔ 30 فیصد سے کم لاسز والے فیڈرز پر 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ لیسکو بجلی چوروں کو پکڑے، عام صارفین کو کیوں سزا دی جا رہی ہے۔ اگر 30 فیصد لوگ بجلی چوری کرتے ہیں تو70 فیصد بل بھی ادا کر رہے ہیں۔ لیسکو صارفین نے مزید کہا کہ بجلی کی طویل بندش سے کاروبار شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ نگران وزیراعظم معاملے کا نوٹس لے کر لوڈشیڈنگ بند کروائیں۔