آئی جی پنجاب نے 35 کروڑ روپے کے فنڈز پٹرول کی مد میں جاری کر دئیے

10-25-2023

(لاہور نیوز) پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے پنجاب پولیس کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہنگامی طور پر پنجاب بھر کے اضلاع کو 35 کروڑ کے فنڈز جاری کر دئیے۔

ڈولفن فورس اور انویسٹی گیشن کی گاڑیوں میں پٹرول نہ ملنے کے معاملے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 35 کروڑ روپے کے فنڈز تیل کی مد میں جاری کر دئیے۔ لاہور پولیس کو تیل کے لیے ہنگامی بنیاد پر 6 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق یکم نومبر کو پنجاب حکومت 30 ارب کے فنڈز جاری کرے گی۔ ان میں 6 ارب روپے کے فنڈز تیل کی مد میں جاری کئے جائیں گے۔ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تھانوں اور پٹرولنگ فورس کے ایک ماہ کا تیل 20 روز میں ہی ختم ہو جاتا ہے۔ دوسری جانب سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کھلی کچہری لگائی۔ آئی جی نے شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے۔ پولیس ملازمین نے ڈسپلن، ایڈمن اور ویلفیئر سے متعلقہ درخواستیں آئی جی پنجاب کو پیش کیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ملازمین کی درخواستوں پر میرٹ کے مطابق فوری ریلیف کا حکم دیا۔