آشیانہ سکینڈل:احتساب عدالت نےملزم خالد حسین کی درخواست ضمانت نمٹا دی

10-25-2023

(لاہور نیوز) احتساب عدالت نے آشیانہ سکینڈل کیس میں نامزد ملزم خالد حسین کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج ذوالقرنین اعوان نے کیس کی سماعت کی،مقدمہ میں نامزد ملزم خالد حسین حاضری کیلئے عدالت پیش ہوا  جبکہ نیب نے احتساب عدالت میں ملزم کی عبوری ضمانت سے متعلق جواب جمع کروایا۔ نیب کی جانب  سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم خالد حسین کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، جس پر وکیل صفائی نے کہا کہ اگر گرفتاری مطلوب نہیں تو ضمانت کی بھی ضرورت نہیں۔ بعدازاں عدالت نے ملزم کی جانب سے درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ واضح رہے کہ عدالت نے آشیانہ سکینڈل کیس میں سابق وزیراعظم شہباز شریف اور احد چیمہ کی بریت کی درخواست 28 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کر رکھی ہے۔