آئی جی پنجاب کا احسن اقدام، شہید کانسٹیبل کے اہلخانہ کو نیا گھرفراہم

10-25-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا احسن اقدام، شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو نیا گھرفراہم کردیا۔

 لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل محمد قیصر کے اہل خانہ کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، کانسٹیبل محمد قیصر نے لاہور کے علاقے موہلنوال میں ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کیا، کانسٹیبل محمد قیصر شہید کے والد ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ نے 25 جنوری 2011 کو کربلا گامے شاہ کے باہرخودکش بمبار کو روکتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے کانسٹیبل محمد قیصر کے والد ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ کو قائداعظم پولیس میڈل سے نواز رکھا ہے، کانسٹیبل محمد قیصر کے دو بھائی محمد فیصل اور احمد علی بھی محکمہ پولیس میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ شہید اور ان کے فرزند کانسٹیبل محمد قیصر شہید کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔  آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے مزید کہا کہ ویلفیئرکا کوئی اقدام پنجاب پولیس کے اس عظیم خاندان کی لازوال قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتا، پنجاب پولیس اپنے ہیروز کے اہلخانہ کو زندگی کے کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔