کامیابی کو کبھی دماغ پر سوار کیا ، نہ ناکامی کو دل میں جگہ دی : ریما خان

10-25-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ ریما خان کا کہنا ہے کہ میری سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذات کا محاسبہ کیا ہے۔

اداکارہ ریما خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور زندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔ اداکارہ نے شہرت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے ہر دن کو ایسے ہی سمجھا جیسے میری شروعات ہے، مجھے میری پہلی فلم سے ہی شہرت مل گئی تھی، 15 ، 16 سال کی عمر میں سٹار بن گئی تھی مگر سپر سٹار بننے کے لئے دن رات ایک کرنا پڑا۔ ریما کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی اپنی کامیابی کو دماغ پر سوار نہیں کیا اور نہ ہی ناکامی کو دل میں جگہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے کوئی مجھ سے بہتر نظر آیا تو میں نے اس سے حسد نہیں کیا اور اگر مجھے اپنے سے کوئی کم ٹیلنٹڈ نظر آیا تو میں نے کبھی تکبر نہیں کیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ریما کا کہنا تھا کہ میری سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذات کا محاسبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دوسرے کی طرف انگلی نہیں اٹھاتی کیونکہ مجھے ہمیشہ لگتا ہے کہ تین انگلیاں میری اپنی جانب ہیں۔