بھارتی مبصر ہرشا بھوگلے کو پاکستان ٹیم میں کیا دیکھ کر یقین نہیں آیا؟

10-25-2023

(ویب ڈیسک) بھارتی کمنٹیٹر اور مشہور صحافی ہرشا بھوگلے نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے میچ میں جو کچھ دیکھا مجھے یقین نہیں آیا۔

بھارتی چینل کے سپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے پورا میچ دیکھا ہے بلکہ تقریباً ایک ایک گیند دیکھی ہے لیکن میں نے جو دیکھا مجھے اس پر یقین نہیں آرہا تھا۔ میں نے پاکستان ٹیم کو بہت پہلے سے دیکھا ہے بلکہ 80 کی دہائی سے میں انہیں دیکھتا آرہا ہوں، بس ایک ہی بار مجھے پاکستان ٹیم کو دیکھ کر عجیب سا لگا تھا اور ان میں بے دلی نظر آئی تھی اور ایسا 2017ء کی چیپمئنز ٹرافی میں ہوا تھا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد ان پر بہت تنقید کی گئی تھی مگر آخر میں وہ ٹورنامنٹ جیت گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں ایک دلچسپ گفتگو چل رہی ہے کہ کیا ہم اسے ایک اپ سیٹ کہیں گے؟ تو میرے خیال میں اسے اپ سیٹ کہیں گے۔ میری نظر میں اپ سیٹ یہ ہوتا ہے کہ وہ ٹیم ہار جائے جس کے جیتنے کی آپ توقع کررہے ہوں اور افغان ٹیم کی جیت کے بعد ان کے چہرے پر خوشی سے یہ بات ظاہر ہورہی تھی۔ بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک اچھا ٹاس جیتا تھا اور سکور بورڈ پر رنز بھی اچھے تھے۔ بیٹنگ اور بولنگ مناسب تھی مگر فیلڈنگ نہایت خراب اور مضحکہ خیز تھی۔ ہرشا بھوگلے نے کہا کہ وسیم اکرم کہہ چکے ہیں کہ پاکستان ٹیم کا دو سال سے فٹنس ٹیسٹ نہیں ہوا، میں بھی اس بات سے پوری طرح متفق ہوں کہ شاہین شاہ آفریدی مکمل فٹ نہیں ہیں، مجھے حسن علی بھی فٹ نظر نہیں آتے۔