ڈینگی کے وار نہ تھمے، لاہور 71 ،پنجاب میں158 مریض رپورٹ

10-25-2023

(لاہور نیوز) موسم بدل گیا لیکن ڈینگی کے وار نہ تھمے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 158 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو گئے۔

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان نے بتایا ہے کہ  رواں برس صوبہ بھر میں اب تک 8 ہزار 321 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 71 نئے مریض سامنے آئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے3 ہزار455 مریض رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 28، ملتان میں 11، گوجرانوالہ میں 18 اور فیصل آباد میں 12 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی، اس کے علاوہ شیخوپورہ اور اٹک میں ڈینگی کے چار چار مریض سامنے آئے، سرگودھا، نارووال، ننکانہ صاحب، بہاولپور، راجن پور اور خوشاب میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 125 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 58 مریض داخل ہیں۔