ورلڈکپ: دورانِ کمنٹری میتھیو ہیڈن نے بھارتی سڑکوں کا مذاق بنا ڈالا

10-25-2023

(ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے دوران بھارت کی سڑکوں کا مذاق بنا ڈالا۔

میتھیو ہیڈن چنئی میں پاکستان اور افغانستان میچ کے دوران سابق کرکٹر وقار یونس کے ہمراہ کمنٹری کررہے تھے ۔ اس دوران انہوں نے ہندوستانی سڑکوں پر گاڑی چلانے یا سفر کرتے وقت درپیش مشکلات کا ذکر کیا، جس پر بھارتی صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔ ہیڈن نے دورانِ کمنٹری ہندوستان کی خوبصورتی کی تعریف کی جبکہ سڑکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، بیل گاڑیاں بھری پڑی ہیں اور کوئی ایک لائن میں نہیں چلاتا۔ سابق کرکٹر کے کمنٹ پر وقار یونس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی حالت اوراس پر موجود رکاوٹیں پاکستان میں بھی وہی ہیں جو بھارت میں ہیں۔ دوسری جانب بھارتی فینز کو میتھیو ہیڈن کی جانب سے ٹرولنگ پسند نہیں آئی اور صارفین نے سوشل میڈیا پر سابق کرکٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔