انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور میں زائد المعیاد کیمیکل سے مریضوں کے ٹیسٹ کا انکشاف

10-24-2023

(لاہور نیوز) نشہ کے عادی اور نفسیاتی مریضوں کے ساتھ کھلواڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور کی لیبارٹری میں زائد المعیاد کیمیکل کے ذریعے مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

لاہور نیوز نے مینٹل ہسپتال لاہور کی غیر معیاری لیبارٹری ہونے کا ثبوت پیش کر دیا جس کے مطابق ہسپتال میں آنے والے نشہ کے عادی اور ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کے زائد المیعاد کیمیکل کے ذریعے ٹیسٹ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کی لاہور نیوز نے باقاعدہ ویڈیو حاصل کر لی ہے۔ مینٹل ہسپتال کی لیبارٹری میں زائد المعیاد کیمیکل میں شوگر (ذیابیطس) ٹیسٹ کا کیمیکل مئی 2023 سے زائد المعیاد ہو چکا ہے۔ اسی طرح سی بی سی ٹیسٹ کیمیکل 27 ستمبر 2023 ، یورن کے ٹیسٹ کا کیمیکل 15 مئی 2023 اور کولیسٹرول کا کیمیکل مئی 2023  میں زائد المعیاد ہو چکا تھا اور مینٹل ہسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ کے دیگر کیمیکل بھی زائد المیعاد ہیں۔ سرکاری سطح پر اتنے بڑے تدریسی ہسپتال کے ٹیسٹ کیمیکل زائد المعیاد ہونا محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مینٹل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ عبداللہ کا کہنا ہے کہ ہم نے تو کیمیکل نئے منگوائے تھے یہ زائد المیعاد کیسے ہو سکتے ہیں۔