دستاویزات کی گھر بیٹھے وصولی کیلئے ایل ڈی اے کی دستک ڈور سٹیپ ڈلیوری سروس متعارف

10-24-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے سے متعلقہ دستاویزات گھر بیٹھے وصول کرنے کے لیے ایل ڈی اے کی دستک ڈور سٹیپ ڈلیوری سروس متعارف کروا دی گئی۔

سینیئر سٹیزن کی سہولت اور دیگر افراد کو ایل ڈی اے کے چکروں سے بچانے کے لیے اتھارٹی انتظامیہ نے ایل ڈی اے ڈور سٹیپ ڈلیوری سروس متعارف کروا دی۔ اس سروس سے اتھارٹی کو ریونیو بھی حاصل ہو گا اور ایل ڈی اے ون ونڈو سیل پر درخواست کنندگان کا بوجھ بھی کم ہو گا۔ 75 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ایل ڈی اے سے متعلقہ جوابات اور دستاویزات ان کے گھر کی دہلیز پر ملیں گی۔ ایل ڈی اے کی دستک ڈور سٹیپ ڈلیوری سروس میں پروٹوکول سے دستاویزات لینی ہیں تو پیسے بھی ادا کریں. ایل ڈی اے نے دستک ڈور سٹیپ ڈلیوری کے لیے بھاری فیسیں بھی عائد کر دیں۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے دستک ڈور سٹیپ ڈلیوری کی منظوری دے دی۔ دستک ڈور سٹیپ سروسز ڈلیوری کے لیے کوئی بھی مالک دستاویزات گھر بیٹھے وصول کر سکتا ہے۔ لاہور کی حدود میں شناخت کے لئے ڈور سٹیپ ڈلیوری کی فیس پچاس ہزار روپے مقرر، گھر بیٹھے ایل ڈی اے میں درخواست جمع کروانے کی فیس دس ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔ چالان اور دیگر دستاویزات گھر وصول کرنے کے لیے کوریئر سروس کے چارجز بھی ادا کرنے ہونگے۔ بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نادرا کے معاہدے کے مطابق فیس ادا کرنا ہو گی۔ لاہور کی حدود سے باہر پنجاب میں کسی بھی مقام پر شناخت کے لئے پانچ لاکھ روپے فیس مقرر کر دی گئی۔ پنجاب کی حدود سے باہر اور پاکستان میں کسی بھی مقام پر شناخت کے لئے دس لاکھ روپے فیس مقرر کر دی گئی۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد فیسوں کا اطلاق کر دیا گیا۔