نگران صوبائی وزیر صحت کا میاں میر ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کا معائنہ کیا
10-24-2023
(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے میاں میر ہسپتال کا دورہ کیا اور سکریننگ کیمپوں میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
نگران پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہفتہ صحت منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں نگران وزیر صحت نے میاں میر ہسپتال میں مختلف بیماریوں کی سکریننگ کے لئے لگائے گئے کیمپوں میں طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہیلتھ ویک صوبہ بھر میں 26 اکتوبر تک جاری رہے گا، آٹھ مختلف بیماریوں کی مفت سکریننگ، ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔ ہفتہ صحت کے دوران لگائے گئے کیمپس میں ہیپاٹائٹس بی، سی کی سکریننگ، پی سی آر اور ایچ آئی وی کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ شوگر، بلڈ پریشر، سانس کی بیماری اور ٹی بی ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں۔