بمبئی ہائیکورٹ: پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی لگانے کی درخواست مسترد

10-24-2023

(ویب ڈیسک) بمبئی ہائیکورٹ نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں، موسیقاروں اور گلوکاروں کے کام کرنے پر پابندی لگانے کی درخواست مسترد کر دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیض انور قریشی کی طرف سے بمبئی ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی گئی تھی کہ بھارتی حکومت پاکستان کے فنکاروں کے ساتھ ملک میں کسی بھی قسم کی پیشہ ورانہ وابستگی پر پابندی عائد کرے۔ تاہم بمبئی ہائیکورٹ کے جسٹس سنیل شکرے اور جسٹس فردوس  پونی والا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ حب الوطنی ملک کے لیے ہے، اس کا مطلب دوسروں سے دشمنی نہیں، جب تک کسی کا دل اچھا نہ ہو وہ اچھا محب وطن نہیں بن سکتا، دل کا اچھا شخص ہمیشہ ملک میں اور سرحد پار سے امن اور ہم آہنگی کے فروغ کی سرگرمیوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی درخواست ثقافتی ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کے برابر ہے جس کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔