ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کا بنگلادیش کو 383 رنز کا ہدف

10-24-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے 23 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلا دیش کو جیت کیلئے 383 رنز کا ہدف دے دیا۔

ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کھیل کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وین ڈیر ڈوسن نے کیا تاہم راسی وین ڈیر ڈوسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ ڈی کوک نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 174 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم 60، ہینرک کلاسن 49 گیندوں پر 8 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 90 رنز جبکہ ریزا ہینڈرکس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ میلر 34 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 جبکہ مہدی حسن، شرف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقی ٹیم میگا ایونٹ میں چار میچز کھیل کر تین میں کامیابی حاصل کر چکی ہے جبکہ بنگلا دیش نے بھی ٹورنامنٹ میں چار میچز کھیلے ہیں اور صرف ایک ہی جیت سکی اور تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگلا دیش کا سکواڈ کپتان شکیب الحسن، نجم الحسن شنتو، لٹن داس، تنزید حسن، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم، محمود اللہ، نسیم احمد، حسن محمود، مستفیض الرحمان اور شرف الاسلام بنگلا دیشی سکواڈ میں شامل ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم ایڈن مارکرم (کپتان)، ریزا ہینڈرکس، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوٹزی اور ولیمز جنوبی افریقی سکواڈ کا حصہ ہیں۔