منفی تبصروں سے پریشان ہو کر سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کرنا پڑا: مریم نفیس

10-24-2023

(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ مریم نفیس نے کہا ہے کہ لوگوں کے منفی تبصروں سے پریشان ہو کر سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کرنا پڑا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مریم نفیس نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک فوٹو شوٹ وائرل ہونے کے بعد سامنے آنے والے منفی تبصروں نے ذہنی دباؤ کا شکار کردیا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ اپنی بیٹی کی پیدائش سے قبل اپنے فینز اور چاہنے والوں کو ایک فوٹو شوٹ کے ذریعے حاملہ ہونے کی اطلاع دی تھی تاہم اس پر آنے والا ردعمل حیران کن اور پریشان کر دینے والا تھا۔ مریم نفیس نے کہا کہ پریگنینسی کی تصاویر پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے اتنے منفی تبصرے کیے کہ ذہنی طورپر پریشان ہو کر سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پریگنینسی ایک نارمل چیز ہے اسے کسی ٹیبو کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے، منفی تبصروں کے ساتھ کچھ ایسے لوگ بھی تھے جنہوں نے میرے لیے خوشی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔