8،8 کلو کڑاہی کھاتے ہیں، فٹنس کہاں سے آئیگی، وسیم اکرم کھلاڑیوں پر برہم
10-24-2023
(ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں افغانستان سے شکست کے بعد جہاں پاکستانی فینزاداس ہیں وہیں سابق کرکٹرز بھی شدید غم وغصے میں مبتلا ہیں،اسی معاملے پرسوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے منیجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ شرمندگی کی بات ہے کہ افغانستان 2 وکٹوں کے نقصان سے 280 جیسا بڑا سکور بنا گیا، وسیم اکرم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول دیکھیں، ہم کئی ہفتوں سے ٹی وی سکرین پر چیخیں مار رہے ہیں کہ 2 سال سے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے کسی بھی کرکٹر کا نام لیے بغیر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اب کیا کھلاڑیوں کے انفرادی طور پرنام لوں جن کے اتنے بڑے بڑے منہ ہوگئے ہیں، انہیں دیکھ کر لگتا ہے جیسے روزانہ 8 ،8 کلوکڑاہی کھاتے ہوں، نہاری کھاتے ہوں ان کھلاڑیوں کا ٹیسٹ بھی تو ہونا چاہیے نا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پروفیشنلی ان لڑکوں کو معاوضہ دیا جاتا ہے یہ ملک کیلئے کھیلتے ہیں ان کیلئے کوئی معیاری اصول تو ہونے چاہئیں۔