ڈینگی کے وار، پنجاب میں مزید 160 افراد شکار

10-24-2023

(لاہور نیوز) ڈینگی کے وار نہ تھمے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 160 افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان نے بتایا ہے کہ  رواں برس صوبہ بھر میں اب تک 8 ہزار 163 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 68 نئے مریض سامنے آئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے3 ہزار384 مریض رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 30، ملتان میں 9، گوجرانوالہ میں 25 اور فیصل آباد میں 16 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی، اس کے علاوہ شیخوپورہ، سرگودھا، نارووال، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، ننکانہ صاحب، وہاڑی، لودھراں، پاکپتن اور حافظ آباد میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 142 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 45 مریض داخل ہیں۔