افغانستان سے شکست پر دکھ ہوا، کرکٹ ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے: بابر اعظم

10-24-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ افغانستان سے شکست پر ٹیم کو دکھ ہوا، کرکٹ ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

چنئی میں افغانستان کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری بولنگ اور فیلڈنگ اچھی نہیں تھی، مڈل اوورز میں بھی سپنرز نے اچھے اوور نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو جیت پر مبارک پیش کرتا ہوں، پاکستان ٹیم کلک نہیں کر پارہی، فیلڈنگ میں فوکس پورا نہیں ہو پارہا، کوشش ہوگی آگے کے سارے میچز جیتیں۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ مجھ پر کپتانی کا کوئی بوجھ نہیں ہے، جب بیٹنگ کرتا ہوں تو صرف اپنی بیٹنگ پر توجہ ہوتی ہے اور جب کپتانی کی باری ہوتی ہے تو کپتانی کرتا ہوں۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ اس ورلڈ کپ میں ہماری پرفارمنس اچھی نہیں جارہی، تینوں شعبوں میں ہماری کارکردگی خراب رہی، افغان ٹیم کو شاندار کھیل پر کریڈٹ جاتا ہے۔