اشنا شاہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی،مظلوموں کی آزادی کا مطالبہ
10-23-2023
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ اشنا شاہ نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم پر پابندی اور مظلوموں کی آزادی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سول سوسائٹی پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں اداکارہ اُشنا شاہ نے بھی شرکت کی۔اُشنا شاہ نے فلسطین کے حق میں آواز اُٹھاتے ہوئے کہا کہ “فلسطین آزاد نہیں ہے، 1948 سے معصوم فلسطینیوں پر جبر و ستم ہورہا ہے، غزہ میں جنگ نہیں بلکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جوکہ غیرقانونی ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ ہم صرف فلسطین میں جنگ بندی نہیں بلکہ فلسطین کی آزادی بھی چاہتے ہیں، وہ آزادی جس میں کوئی خوف نہ ہو اور جب تک فلسطین کو آزادی نہیں ملے گی ہم اسی طرح سڑکوں پر نکلیں گے اور چُپ نہیں بیٹھیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا ایک پروپیگنڈہ کے تحت غلط رپورٹنگ کررہا ہے، فلسطینیوں کی آواز دبا رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا کے عہدیدار بھی اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں، فلسطین کی حمایت کرنے والے سوشل میڈیا اکاونٹس پر پابندی لگائی جارہی ہے، بلاک کیا جارہا ہے۔