فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم،مہوش حیات نے بھی آواز بلند کر دی

10-23-2023

(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات بھی فلسطینی مظلوموں کے حق میں بول پڑیں ۔

حال ہی میں مانچسٹر میں ’انٹرنیشنل پاکستان پرسٹیج ایوارڈز‘ (آئی پی پی اے) کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہوش حیات کو اُن کی فلم “لندن نہیں جاؤں گی” میں شاندار اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مہوش حیات نے اپنا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے مختصر تقریر کی جس میں اُنہوں نے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی، اداکارہ نے کہا کہ “اس وقت غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے اسے دیکھ کر کوئی بھی خوشی محسوس کرنا مشکل ہے”۔ اداکارہ نے ڈاکٹر کنگ کے ایک جملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “خاموش رہنا اتنا ہی خطرناک ہے جتنا کہ بولنا”، اُنہوں نے کہا کہ “میں سچ پر یقین رکھتی ہوں اگر ہم اپنے دل کھول کر ایک دوسرے میں انسانیت کو دیکھیں تو واقعی امن ممکن ہو جاتا ہے”۔ اُنہوں نے کہا کہ “اسپتالوں پر حملے کیے جارہے ہیں، معصوم بچوں کا قتلِ عام ہورہا ہے، مائیں اپنے بچوں کو کھو رہی ہیں، یہ سب انتہائی افسوسناک ہے، ہم غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں”۔