فصلوں کی باقیات جلانے پر اضلاع کے ڈی سی ذمہ دارہونگے، کمشنر لاہور

10-23-2023

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ انسدادِ سموگ اقدام کے تحت فصلوں کی باقیات جلانے اور کسی بھی چمنی سے کالا دھواں نکلنے پر اضلاع کے ڈی سی ذمہ دار ہونگے۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پرائس کنٹرول اور انسدادِ سموگ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور شہر میں ایک روز میں گراں فروشی پر 27 مقدمات درج کیے گئے۔ ڈویژن بھر میں گزشتہ 22 دنوں میں گراں فروشوں کے خلاف 902 مقدمات درج کیے گئے، 770 گرفتاریاں ہوئیں۔ چاول سمیت دالوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے کمی آئی۔ کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ لاہور میں چکن، آلو، پیاز، ٹماٹر اور سبزیوں کی قیمتوں کی نگرانی کی جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مارکیٹس میں موجود رہیں، فصلوں کی باقیات جلانے اور کسی بھی چمنی سے کالا دھواں نکلنے پر اضلاع کے ڈی سی خود ذمہ دار ہونگے۔ ضلعوں اور موٹروے پولیس پر مشتمل خصوصی انسداد سموگ سکواڈ دن اور رات کو گشت کریں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور کی انسداد ڈینگی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے فیلڈ میں سرپرائز دورے کئے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ڈینگی کا آؤٹ ڈور افزائش پانا مشکل ہوتا جائے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ گھروں کے اندر نمی اور اندھیرے والی جگہیں صاف رکھیں۔