چیف سیکرٹری پنجاب کی نئے نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

10-23-2023

(لاہور نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں نئے جاری ہونے والے نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اجلاس میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ مسافر بسوں میں کرایوں میں کمی کی لسٹیں آویزاں کرائی جائیں۔ اشیاء کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کی صورت میں متعلقہ پرائس مجسٹریٹ جوابدہ ہو گا۔ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں اشیاء کی قیمتوں کا خود تعین کرتے ہیں، ان نرخوں پر عملدرآمد کرانا بھی انکی ذمہ داری ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، گورننس سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے انتظامی افسران اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کی سہولت کیلئے صوبہ میں 144 اہم بازار نوٹیفائی کئے گئے ہیں، ان بازاروں میں ضلعی انتظامیہ عملہ تعینات کریگی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 سے 10 فیصد کمی کی گئی ہے، اوور چارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔