محسن نقوی کا ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ، عوامی مسائل جلد نمٹانے کا حکم
10-23-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا اور عوامی مسائل جلد از نمٹانے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو سیل میں موجود مرد و خواتین سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے، انہوں نے شہریوں سے ون ونڈو سیل کی خدمات کے بارے میں دریافت کیا، وزیر اعلیٰ نے ایل ڈی اے حکام کو شہریوں کے امور فوری طور پر نمٹانے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک شہری کی جانب سے چکرلگوانے کی شکایت پر متعلقہ افسر کو طلب کر لیا اور شکایت کے فوری ازالے کا حکم دیا، محسن نقوی نے ایک شہری کا دو سال سے زیر التواء مسئلہ 4روز کے اندر حل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے ایل ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازم کی اہلیہ کی درخواست پر پلاٹ کی الاٹمنٹ کا معاملہ بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ ون ونڈو سیل میں خاتون نے عوام کی دن رات خدمت پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو دعائیں دیں، خاتون کا وزیراعلیٰ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آپ بہت اچھا کام کررہے ہیں،آپ سکول، ہسپتال اور ہر جگہ نظرآتے ہیں،ہم آپ کو ہر جگہ دیکھتے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ہمت دے، آپ کے لئے دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔ ایک بزرگ سائل کا محسن نقوی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آپ کو ہسپتالوں میں اور دیگر مقامات پر دورے کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، آپ کوون ونڈوسیل میں دیکھ کر خوشی ہوئی، ٹیم کے ساتھ ملکر بہتری لانے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے ایل ڈی اے سے متعلق معاملات نمٹانے میں غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے، ون ونڈو سیل کی کارکردگی پہلے سے بہت بہتر ہے تاہم مزید بہتری کی گنجائش ہے،پوری کوشش ہے شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے ون ونڈو سیل کے چکر نہ لگانے پڑیں۔