انتخابی نشان الاٹ کرنے کا معاملہ، آئی پی پی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
10-23-2023
(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان الاٹ کرنے کے معاملے پر استحکام پاکستان پارٹی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، استحکام پاکستان پارٹی کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ہمیں انتخابی نشان عقاب الاٹ کیا جائے، انتخابی نشان عقاب کیلئے درخواست پہلے ہی جمع کراچکے ہیں،چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا کہ آپ نے ترجیحات میں کوئی اور انتخابی نشان نہیں مانگا؟وکیل آئی پی پی نے جواب دیا کہ عقاب کا انتخابی نشان دستیاب ہے اسی وجہ سے ایک ہی نشان مانگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ انتخابی نشان کیلئے اپنی اور بھی ترجیحات بتا دیں، بعدازاں الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کو انتخابی نشان الاٹ کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔