نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں دائر

10-23-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کے لیے درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی گئیں۔

ایڈووکیٹ امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ گلزار احمد اور ظہور احمد نے درخواستیں دائر کیں،درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہےکہ  ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیلیں بحال کی جائیں، درخواستوں کو میرٹ پر سن کر فیصلہ کیا جائے۔ یاد رہے  کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر اپیلوں کی بحالی کی  درخواستوں پر دستخط کر دیئے تھے، نواز شریف کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے بھی وکلا کی جانب سے ایئر پورٹ پر انتظام کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف کو 10سال قید اور 80لاکھ پاؤنڈ کی سزا سنائی تھا، العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 7سال قید کی سزا سنائی تھی، سابق وزیر اعظم کو 10سال کیلئے عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔ بعدازاں  اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کی، لندن میں قیام طویل ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے جون 2021 میں نواز شریف کی اپیلیں خارج کردی تھیں، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے عدم پیروی پر نواز شریف کی اپیلیں خارج کی تھیں۔