عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے کی درخواست مسترد

10-23-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے شہری محمد شہباز سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، شہری کی جانب سے درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جاتی ہے، عدالتی کارروائی کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی جانی چاہیے۔ شہری کی جانب سے استدعا کی گئی کہ چھوٹے شہروں سے ویڈیو لنک پر وکلاء کو ہائیکورٹ پیش ہونے کی اجازت دی جائے ،عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اس قسم کا حکم جاری کرنے کا قانونی اختیار نہیں رکھتی۔