گیس کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان

10-22-2023

(لاہور نیوز) گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا۔

ذرائع کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلیے پیٹرولیم ڈویژن کی تجویز کردہ سمری پر غور کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 23 اکتوبر کو ہوگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی سے بڑھانے کی تجویز ہے ، گیس قیمتوں میں اضافہ کا مطالبہ آئی ایم ایف نے کیا ہوا ہے ، توانائی ڈویژن نے سمری آئی ایم ایف کے ساتھ شئیر کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف گیس قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کو معاہدہ کی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے ، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے سے سوئی گیس کمپنیوں کو 46 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے، آئی ایم ایف نے جولائی سے ستمبر گیس کمپنیوں کا 46 ارب کا نقصان ریکور کرنے کی تجویز دی ہے۔