فخر زمان ان فٹ، افغانستان کیخلاف میچ میں بھی دستیاب نہیں ہونگے
10-22-2023
(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان گھٹنے کی انجری کے باعث افغانستان کے خلاف ہونے والے میچ میں بھی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق فخر زمان گھٹنے کی انجری سے مکمل نجات نہیں پاسکے، فخر زمان کے گھٹنے کی انجری کا ری ہیب جاری ہے اور قوی امکان ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فخر کے علاوہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں ،تمام کھلاڑی نزلہ اور بخار سے نجات پاچکے ہیں اور افغانستان سے میچ میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ یاد رہے کہ بنگلور میں پاکستان کے متعدد کھلاڑی بخار اور نزلے کا شکار ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کل پیر کے روز اپنا پانچواں میچ افغانستان کے خلاف چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں کھیلے گی۔